فروغ نسیم کی عمران خاں کے بیان کی سختی سے تردید
سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان کو جھوٹ قرار دے دیا۔
فروغ نسیم نے کہا کہ کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس نہ صرف وزیراعظم عمران خان نے خود کلیئر کیا بلکہ عمران خا ن ریفرنس بھیجنے کے لیے اصرار کرتے رہے۔
جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں عمران خان کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے خلاف ریفرنس کو غلطی قرار دینے کے معاملے پر سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے رد عمل دے دیا۔
فروغ نسیم نے کہا کہ عمران خان کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا لیکن حقائق کی تصحیح ضرور چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس فائز عیسٰی کے معاملے کی سمری ایک حساس معاملہ تھا، ہر پہلو کو جانچا گیا، جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے ساتھ میرا ذاتی تنازعہ نہ تھا نہ ہے۔
فروغ نسیم نے کہا کہ عمران خان نے خود جسٹس فائزعیسٰی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا، عمران خان نے اے آر یو کے مواد کی روشنی میں ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا تھا۔
سابق وزیر قانون نے کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ براہ راست وزیراعظم عمران خان کے ماتحت تھا، اس وقت ملکی ماحول پہلے ہی بہت کشیدہ ہے اس لیے مزید کشیدگی نہیں چاہتا۔
فروغ نسیم نے کہا کہ عدلیہ عمران خان کے خلاف بالکل نہیں ہے۔