نیٹ فلکس کا جنوبی کوریا میں 2.5ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )جنوبی کوریا کے ڈرامے اور فلموں دنیا بھر میں مشہور ہیں اور شائقین اسے بے حد شوق سے دیکھتے ہیں، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیٹ فلکس نے جنوبی کوریا میں ڈھائی ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول رواں ہفتے امریکا کے پہلے سرکاری دورے پر روانہ ہوئے جہاں انہوں نے اپنی پہلی ملاقات امریکی صدر جو بائیڈن کے بجائے امریکی اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کے شریک بانی ٹیڈ سرینڈوس سے کی۔ملاقات کے بعد نیٹ فلکس نے اعلان کیا کہ وہ اگلے 4سالوں میں نیٹ فلکس پر کوریائی مواد کیلئے 2ارب 50کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، جو نیٹ فلکس کی جانب سے اب تک جنوبی کوریا کے مواد کیلئے خرچ کی گئی سب سے خطیر رقم ہے۔کمپنی کے شریک بانی نے کہا کہ جنوبی کوریا کے ڈراموں اور فلموں کی کہانیاں پوری دنیا میں مشہور ہیں، اعداوشمار کے مطابق دنیا بھر میں نیٹ فلکس کے 23کروڑ 30لاکھ صارفین میں سے 60فیصد سے زائد صارفین جنوبی کوریا کی فلمیں، ڈرامے اور رئیلٹی شوز دیکھتے ہیں۔