ایک سال تک جھیل میں ڈوبا رہنے والا اسمارٹ فون ٹھیک حالت میں دریافت

راولپنڈی (ویب ڈیسک )ایپل کے آئی فون دنیا بھر میں بہترین سمجھے جاتے ہیں اور یہ کتنے پائیدار ہوتے ہیں اس کی ایک مثال گزشتہ دنوں سامنے آئی جو دنگ کردینے والی ہے۔امریکا کی ریاست وسکونسن میں واقع مینڈوٹا جھیل کی تہہ سے ایک آئی فون کو نکالا گیا جو لگ بھگ ایک سال زیرآب رہنے کے باوجود کام کر رہا تھا۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جھیل کی سالانہ صفائی کے دوران اس آئی فون کو دریافت کیا گیا تھا۔جھیل کی صفائی کرنے والی ٹیم کی سربراہ ایلن ایوانز نے بتایا کہ ہم جھیل سے پلاسٹک بیگز، کپ، پلاسٹک کی بوتلیں اور دیگر اشیا نکال رہے تھے کیونکہ ان سے ماحول کو نقصان پہنچتا ہے، اس دوران ایک اسمارٹ فون کو بھی دریافت کیا گیا جو کام کر رہا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اکثر صفائی کے دوران فون ملتے ہیں جن کو ہم چارج کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر وہ خراب نکلتے ہیں، مگر یہ آئی فون ٹھیک نکلا۔اس فون کو یونیورسٹی آف وسکونسن، میڈیسن میں کام کرنے والے پولیس اہلکاروں کے حوالے کیا گیا۔پولیس اہلکاروں نے فون کی جانچ پڑتال کرکے اس کی مالک ایلی آئزنبرگ کو تلاش کیا۔ایلی آئزنبرگ نے کچھ عرصے قبل یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کی تھی اور ان کا یہ فون 2022 کے موسم گرما کے دوران جھیل پر کشتی سے سفر کرتے ہوئے گم ہو گیا تھا۔پانی میں آئی فون گرنے کے بعد انہوں نے سوچاتھا کہ بہتر ہے کہ اب نیا فون خرید لیا جائے، تو پولیس کی جانب سے گمشدہ فون درست حالت میں ملنے کی خبر سن کر وہ دنگ رہ گئیں۔انہوں نے بتایا کہ ‘جب پولیس کی جانب سے فون آیا تو مجھے لگا کہ کوئی بری خبر ملنے والی ہے، میرا فون ایک سال قبل جھیل میں گرگیا تھا اور مجھے لگا تھا کہ اب وہ خراب ہوگیا، مگر وہ درست حالت میں واپس مل گیا’۔یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ آئی فون کا کونسا ماڈل تھا مگر بظاہر یہ آئی فون 12 یا 13 پرو لگتا ہے۔خیال رہے کہ نئے آئی فون ماڈلز واٹر ریزیزٹنٹ ہوتے ہیں مگر ایک سال تک گہرے پانی میں ٹھیک رہنے کا دعویٰ تو کمپنی بھی نہیں کر سکتی۔

AppleiPhone

Visited 2 times, 1 visit(s) today

You might be interested in