حب ڈیم ایک بار پھر بھر گیا، اسپل ویز سے پانی کا اخراج کسی بھی وقت ممکن

سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم پانی سے مکمل بھر گیا ہے جس کے بعد اسپل ویز سے پانی کا اخراج کسی بھی وقت شروع ہو سکتا ہے۔

واپڈا کے ذرائع کے مطابق حب ڈیم کے اسپل ویز سے از خود پانی کے اخراج کے لیے صرف 2 انچ کی سطح باقی ہے۔

حب ڈیم سے اضافی پانی کسی بھی وقت اسپل ویز سے از خود ندی میں گرنے لگے گا۔

حب ندی میں ممکنہ سیلابی صورتِ حال کے پیشِ نظر آبادیوں کو خبردار کر دیا گیا ہے۔

کیچمنٹ ایریا میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں 10 فٹ تک پانی آیا۔

واپڈا ذرائع کے مطابق 22 جولائی تک حب ڈیم میں پانی کا لیول 329 فٹ پر تھا۔

حب ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 339 فٹ ہے، جبکہ آج صبح ساڑھے 7 بجے حب ڈیم میں پانی حتمی لیول 339 کے قریب پہنچ گیا۔

گزشتہ سال بھی حب ڈیم مکمل بھرنے سے ندی میں طغیانی آگئی تھی، اس دوران حب ندی کے پل کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔

حب ڈیم سے کراچی کو پینے اور دیگر استعمال کے لیے پانی سپلائی کیا جاتا ہے جبکہ اسی ڈیم سے بلوچستان کے کئی علاقوں میں زمینوں کی آبیاری بھی کی جاتی ہے

Visited 1 times, 1 visit(s) today

You might be interested in