عید کے دن پہاڑوں پر ڈیوٹی دینے والے پاکستان فوج کے اہلکار
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقہ بلاسور میں عید کے موقعے پر پاکستان فوج کے اہلکار اہل خانہ سے دور ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔سطح سمندر سے سات ہزار فٹ بلندی پر پہاڑوں کے دامن میں نماز عید کے بعد ملکی سلامتی کے علاوہ جان سے جانے والے سکیورٹی اہلکاروں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جس کے بعد سپیشل دسترخوان کا اہتمام ہوا۔بالاسور میں کمانڈنٹ آفیسر طلعت کمال ضیا کا کہنا تھا کہ ’دوسروں کی طرح ان کا بھی دل چاہتا ہے کہ عید گھر والوں کے ساتھ منائیں ’لیکن یہ یونٹ بھی ہمارا گھر ہے اور سب جوان بھائیوں کی طرح ہیں۔‘انہوں نے بتایا کہ عید کے دن ان کی بچوں اور والدین کے ساتھ بات ہوتی ہے۔ ’جب بچے کہتے ہیں کہ بابا آپ گھر پر نہیں آئے، تو میں ان کو کہتا ہوں میں گھر پر ہی ہوں، وہ گھر میرا گھر ہے اور یہ بھی میرا گھر ہے۔‘سوات کی تحصیل مٹہ میں تھانہ چپریال کی حدود میں واقع بلاسور میں آٹھ ماہ قبل عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز اور پولیس کے کچھ اہلکاروں کو پکڑ لیا تھا، جنہیں بعد میں مقامی عمائدین نے بات چیت کے بعد چھڑوا لیا تھا۔اس واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تحصیل مٹہ میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کرتے ہوئے علاقے کو کلیئر کروایا تھا۔