واٹس ایپ کے مزید تین نئے فیچرز متعارف
راولپنڈی (نیوز ڈیسک ) واٹس ایپ کے مزید تین نئے فیچرز کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
آٹو میٹک سکیورٹی کوڈز:
صارفین کے لئے کچھ نیا کرنے کا عزم رکھنے والی معروف میسجنگ ایپ ‘واٹس ایپ’ نے مزید تین نئے فیچرز متعارف کرادئیے۔میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کے مطابق واٹس ایپ نے چند نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرائے ہیں جس کا مقصد صارفین کی پرائیویسی کو زیادہ بہتر تحفظ فراہم کرنا ہے، ان فیچرز میں اکاؤنٹ پروٹیکٹ، ڈیوائس ویری فکیشن اور آٹو میٹک سکیورٹی کوڈز شامل ہیں۔
یہ فیچر کی (key ( ٹرانسپیرنسی پر مبنی ہے جس کی مدد سے صارفین خودکار طور پر تصدیق کر سکیں گے کہ ان کی بات چیت محفوظ ہے یا نہیں۔
واٹس ایپ کے مطابق کی (key) ٹرانسپیرنسی سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی ضمانت کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے،اس مقصد کے لیے واٹس ایپ کی جانب سے اوپن سورس لائبریری کو بھی جاری کیا گیا ہے۔
اکاؤنٹ پروٹیکٹ:
یہ سکیورٹی فیچر ایسے اکاؤنٹس کو تحفظ فراہم کرے گا جو ایک سے دوسری ڈیوائس پر سوئچ کیے جائیں گے۔اس فیچر کے تحت جب کوئی صارف ایک ڈیوائس سے اپنا اکاؤنٹ دوسری ڈیوائس پر سوئچ کرے گا تو واٹس ایپ کی جانب سے اس کی تصدیق کی جائے گی۔اس فیچر سے صارفین کو علم ہوسکے گا کہ ان کے اکاؤنٹ کو کوئی ان کی اجازت کے بغیر دوسرے اکاؤنٹ پر منتقل کرنے کی کوشش تو نہیں کر رہا۔
ڈیوائس ویری فکیشن:
اس فیچر سے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو اس وقت تحفظ ملے گا جب ڈیوائس پر کسی ہیکر نے کنٹرول حاصل کرلیا ہو۔کمپنی کے مطابق موبائل ڈیوائس میل وئیر لوگوں کی پرائیویسی اور سکیورٹی کے لیے چند بڑے خطرات میں سے ایک ہے، کیونکہ اس کے ذریعے بلا اجازت فون پر واٹس ایپ اکاؤنٹ کو غیر ضروری میسجز بھیجنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس نئے فیچر سے اس طرح واٹس ایپ اکاؤنٹ پر کنٹرول کرنے کی کوشش کی روک تھام کی جائے گی۔