9 مئی: کسی بے گناہ سے زیادتی نہیں ہوگی اور کوئی مجرم بچ نہیں پائے گا: وزیراعظم
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف کو 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ میں ملوث افراد کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ کسی بے گناہ سے زیادتی نہیں ہوگی لیکن کوئی مجرم سزا سے بچ نہیں پائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں نگراں وزیراعلی پنجاب، سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم کو 9 مئی میں ملوث تمام کرداروں کی قانونی گرفت کے لیے اب تک کے اقدامات، گرفتاریوں، قانونی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ کسی بے گناہ سے زیادتی نہیں ہوگی لیکن کوئی مجرم سزاسے بچ نہ پائے گا۔اجلاس میں آڈیو لیکس کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے سے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔اجلاس میں شریک وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کمیشن آڈیوز کی حقیقت جاننے کے لیے ان کا فارنزک آڈٹ کرواسکتا ہے، اعلیٰ عدالتوں پر عوام کا اعتماد بنیادی چیز ہے، ججوں کی ساکھ پر کوئی آنچ آئے تو انگلیاں اٹھتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ نے کمیشن آف انکوائریز ایکٹ 2017ء کے تحت آڈیو لیکس کمیشن قائم کیا، عمران نیازی نے اپنی ضد اور انا کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، عمران نیازی نے جو ملک کو نقصان پہنچایا اس کی مثال نہیں ملتی۔شہباز شریف نے وزرا کو ہدایت دی کہ ملک و قوم کو اکٹھا کرنے، حالات بہتر بنانے، اداروں اور عوام میں اعتماد کی فضا برقرار کرنے کے لیے خوب محنت کریں، ملک، قوم اور سب ادارے ہمارے ہیں، اس لیے ان میں دراڑیں ڈالنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔شہباز شریف نے ہدایت دی کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں، مہنگائی کے اس دور میں غریب کو بڑے ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔