افغان حکومت سے دہشتگردی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کا کہا جائے، فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ افغان حکومت سے کہا جائے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے ان عناصر کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں دہشت گردی کے ذمے دار ہیں۔

اسلام آباد میں  قبائلی جرگے کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے ہاں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں، ڈالروں کے بدلے پاکستان میں امن کو سبوتاژ کرنا بین الاقوامی ایجنڈا ہے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، قبائلی جرگے نے باجوڑ دھماکے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا، جرگے نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی، جرگے نے مختلف اضلاع میں دہشتگردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا، جرگہ ان واقعات کو ریاست پاکستان کے خلاف خدشہ قرار دیتا ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ریاستی ادارے بے گناہ عوام کے خلاف کارروائی کے بجائے سیاسی جماعتوں کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھنے کو ترجیح دے۔

انہوں نے کہا کہ جرگہ میں پاک افغان تعلقات موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، جرگہ نے قبائلی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے وعدے پورے کرنے پر زور دیا، قبائلی علاقوں کے لیے اعلان کردہ فنڈز فوری جاری کیے جائیں۔

Visited 1 times, 1 visit(s) today

You might be interested in