بشریٰ انصاری نے دوسری شادی کی تصدیق کر دی
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )پاکستان شوبز انڈسٹری کی ہر فن مولا زندہ دل سیئنر اداکارہ بشریٰ انصاری نے حالیہ انٹرویو میں اپنے ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ میں اپنے کردار سمیت سابقہ شادی، طلاق اور دوسری شادی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔نجی ڈیجیٹل میگزین کی میزبان رابعہ مغنی کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ بشریٰ انصاری نے دوسری شادی کا اعتراف کرلیا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی دوسری شادی کب اور کس سے ہوئی ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مقدّر اللہ کی مرضی سے کام کر رہا ہوتا ہے، ہمیں نہیں معلوم ہوتا کہ کسی کا زندگی میں آنے اور جانے کا کیا مقصد ہے۔زندگی میں محبت کا دوسرا موقع اتفاق سے ملا، لیکن ہر کسی کی زندگی میں یہ دوسرا موقع آئے، یہ ضروری نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام طور سے اس عمر میں دوسری محبت یا دوسری شادی کو معاشرے کی جانب سے قبول نہیں کیا جاتا، بعض اوقات آپ کے اپنے گھر والے بھی اسے قبول نہیں کرتے لیکن مجھے کم از کم ایسے کسی رویے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔خیال رہے کہ بشریٰ انصاری کی طلاق کے کچھ عرصے کے بعد سے ہی ان کی اور ڈرامہ ساز اقبال حسین کی شادی کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھی تاہم بعدازاں ڈرامہ نگار اقبال حسین نے اداکارہ سے دوسری شادی کی خبروں کی تردید کی تھی۔اس کے بعد اگرچہ بشریٰ انصاری نے پہلے شوہر سے طلاق لینے کا اعتراف تو کیا تھا لیکن اس وقت انہوں نے واضح طور پر کھل کر دوسری شادی کا اعتراف بھی نہیں کیا تھا۔یاد رہے کہ 1978 میں بشریٰ انصاری کی پہلی شادی اقبال انصاری کے ساتھ ہوئی تھی جو 36 برس بعد ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث طلاق کی صورت میں ختم ہوئی۔