دنیا کے وہ مقامات جہاں سورج غروب ہی نہیں ہوتا
دنیا میں کچھ ایسے مظاہر فطرت ہیں کہ دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ ان میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جہاں کئی کئی ماہ تک سورج غروب ہی نہیں ہوتا۔ یہ بات سننے میں ہی بہت عجیب لگتی ہے کہ رات کے تین بج رہے ہوں اور سورج کی زرد روشنی نے رات کو دن بنا رکھا ہو۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دنیا کے کئی مقامات ایسے ہیں جہاں 73سے 100دن تک سورج غروب نہیں ہوتا۔ ان میں ناروے کا شہر ہیمرفیسٹ، آئس لینڈ، سویڈن کا شہر کیرونا، کینیڈا کا علاقہ ننا وٹ، روس کا شہر سینٹ پیٹرز برگ، ناروے کا شہر سوالبرڈ، کینیڈا کا شہر یوکون، فن لینڈ، گرینڈ لینڈ کا شہر قاناق اور الاسکا کا شہر بیرو شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ہیمرفیسٹ میں مئی سے جولائی کے درمیان لگ بھگ 76دن تک سورج غروب نہیں ہوتا۔ آئس لینڈ میں گرمیوں میں راتیں بالکل روشن ہوتی ہیں اور جون کے مہینے میں سورج غروب ہی نہیں ہوتا۔کیرونا ممیں مئی سے اگست کے درمیان لگ بھگ 100دن تک سورج مسلسل نظر آتا رہتا ہے۔نناوٹ میں سردیوں کے موسم میں ایک ماہ مسلسل رات رہتی ہے جبکہ گرمیوں میں دو ماہ تک مسلسل دن رہتا ہے۔ سینٹ پیٹرز برگ 10لاکھ کی آبادی کا شہر ہے جہاں کم و بیش ڈیڑھ ماہ تک سورج اس قدر غروب نہیں ہوتا کہ مکمل اندھیرا ہو سکے۔ سوالبرڈ میں اپریل کے وسط سے جولائی کے وسط تک چار ماہ کے لیے سورج غروب نہیں ہوتا اور یہی وہ شہر ہے جہاں آپ ناردرن لائٹس(رنگ برنگی روشنیاں)کا نظارہ بھی کر سکتے ہیں۔اسی طرح یوکون میں مسلسل 50دن تک، فن لینڈ میں 73دن تک قانان میں اڑھائی ماہ تک اور بیرو میں تین ماہ تک سورج غروب نہیں ہوتا۔بیرو میں نومبر کے شروع ہونے کے بعد ایک ماہ کے لیے مسلسل رات رہتی ہے۔30روزکی اس طویل رات کو ’پولر رات‘کہا جاتا ہے۔