دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن، نیوزی لینڈ کے 6 وکٹوں پر 309 رنز
کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن ختم ہوگیا جہاں نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنالیے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جسے اس کے اوپنرز نے سنچری پارٹنرشپ کے ساتھ درست ثابت کردیا۔ پاکستان کو پہلی وکٹ ٹام لیتھم کی صورت میں ملی، ان کو 134 کے مجموعے پر نسیم شاہ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، انہوں نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔چائے کے وقفے تک نیوزی لینڈ کی ٹیم کا صرف ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا جبکہ مجموعی رنز 226 تھے۔اس کے بعد پاکستانی بولرز نے کم بیک کیا اور آخری سیشن میں مزید پانچ وکٹیں لے کر کیویز کے رنز کی رفتار کو بریک لگائی۔ نیوزی لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیون کونوے تھے جنہوں نے 120 رنز بنائے، ان کو آغا سلمان نے آؤٹ کیا۔پاکستان کے لیے تیسری وکٹ نسیم شاہ نے حاصل کی، انہوں نے 240 رنز کے مجموعے پر کین ولیمسن کو آؤٹ کیا، وہ 36 رنز بنا سکے۔کیویز ٹیم کی چوتھی وکٹ 255 رنز پر گری، ڈیرل مچل کو 3 رنز پر آغا سلمان نے بولڈ کیا۔دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنالیے تھے۔ ٹام بلنڈیل 30 اور اش سوڈھی 11 رنز کے ساتھ اگلے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔