ملائیکہ اروڑا اور ارجن کپور شادی کےلیے تیار
بھارتی معروف اداکارہ، ڈانسر و ماڈل ملائیکہ اروڑا نے اداکار ارجن کپور سے شادی سے متعلق پہلی بار واضح بات کی ہے۔معروف بھارتی ہیرو، اداکار سلمان خان کے بھائی ارباز خان کی سابقہ اہلیہ ملائیکہ اروڑا نے بھارتی میڈیا ’برائیڈز ٹوڈے‘ کو انٹرویو کے دوران اپنی دوسری شادی سے متعلق بتایا ہے۔ملائیکہ اروڑا کا کہنا ہے کہ یقیناً میں شادی کے بارے میں سوچتی ہوں، لوگ سمجھتے ہیں کہ میں دوبارہ شادی کرنے سے گھبرا رہی ہوں مگر یہ سوچ حقیقت سے دور ہے، میں محبت اور شادی کرنے پر یقین رکھتی ہوں، میں بتا نہیں سکتی کہ میں دوبارہ شادی کب کر رہی ہوں کیوں کہ یہ ایک سرپرائز ہوگا جو کہ میں خراب نہیں کرنا چاہتی۔ملائیکہ اروڑا کا مزید کہنا تھا کہ میں زیادہ منصوبہ بندی نہیں کرتی، مسلسل منصوبہ بندی زندگی کی خوشی کو ختم کر دیتی ہے۔ملائیکہ اروڑا کا اپنے بوائے فرینڈ ارجن کپور سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ارجن اپنی عمر کے لحاظ سے بے حد عقلمند، گہرا اور مضبوط انسان ہے۔ملائیکہ نے ارجن سے متعلق مزید کہا کہ وہ آزاد خیال رکھنے والا انسان ہے، میں ارجن کے ساتھ ایک گھر بنانا اور اپنے تعلقات کو اگلے درجے تک لے جانا پسند کروں گی کیوں کہ مجھے لگتا ہے کہ اب ہم دونوں اس کے لیے تیار ہیں۔