میٹ گالا 2023 : دلچسپ و خوبصورت ملبوسات پر ایک نظر
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )میٹ گالا کو سال کے چند بڑے فیشن ایونٹس میں سے ایک مانا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے معروف فلمی ستارے اور ماڈلز شریک ہوتے ہیں، رواں سال بھی ماڈلز و اداکاروں نے شرکت کر کے ایونٹ کو چار چاند لگا دیئے۔میٹ گالا کا انعقاد ہر سال مئی کے پہلے پیر کو امریکا کے شہر نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹس کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ میں ہوتا ہے۔اس تقریب کا مقصد میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹس کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ کیلئے فنڈز اکھٹا کرنا ہوتا ہے، روایتی طور پر اس تقریب کے ساتھ ہی میوزیم میں سال بھر جاری رہنے والے فیشن ایونٹس کا آغاز ہوجاتا ہے، یہ میوزیم دنیا بھر کے فیشن ڈیزائنرز کے کام کو فروغ دینے میں کافی اہم کردار ادا کرتا ہے اور ہر سال میٹ گالا کے ذریعے لاکھوں ڈالرز اکھٹے ہوتے ہیں۔اس سال میوزیم میں پہلی نمائش آنجہانی جرمن ڈیزائنر کارل اوٹو لاگرفیلڈ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے (کارل لاگرفیلڈ : اے لائن آف بیوٹی) کے نام سے منعقد کی گئی، میٹ گالا میں شرکت کرنے والی شخصیات نے بھی لاگر فیلڈ کے فیشن سے ملتے جلتے ملبوسات زیب تن کرکے انہیں اپنے طور پر خراج عقیدت پیش کیا۔میٹ گالا میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی شوبز اور دیگر معروف شخصیات شرکت کرتی ہیں، ان سب کا فوٹو سیشن ہوتا ہے اور پھر پر موسیقی کے پروگرام کے ساتھ پرتعیش عشائیہ بھی ہوتا ہے۔ہر سال میٹ گالا معروف شخصیات کی جانب سے زیب تن کیے جانے والے منفرد ملبوسات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتا ہے، آئیے ایونٹ میں شریک مہمانوں اور ان کے زیب تن کیے گئے ملبوسات کی تصاویر دیکھتے ہیں۔