نیوزی لینڈ کیخلاف شاندار کارکردگی ،سرفراز کا گھر پہنچنے پر شاندار استقبال
خوشی سے سرشار وکٹ کیپر بیٹر نے ہاتھ ہلاکر خیرمقدم کرنے والوں کا جواب دیا
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور دوسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کر کے پاکستان کو شکست سے بچانے والے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا گھر واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ٹیسٹ سیریز کے اختتام کے بعد سرفراز احمد بفرزون میں اپنے گھر پہنچے تو اہلخانہ اور عزیز و اقارب نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا، نوجوانوں نے والہانہ رقص کرتے ہوئے فلک شگاف نعرے لگائے اور خواتین نے تالیاں بجا کر سرفراز احمد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔خوشی سے سرشار سرفراز احمد نے ہاتھ ہلاکر خیرمقدم کرنے والوں کا جواب دیا۔واضح رہے کہ 4سال کے طویل وقفے کے بعد ٹیسٹ کھیلنے کا موقع ملنے پر سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ کی دوسری اننگز میں 118رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے پاکستان ٹیم کو شکست کے دھانے سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے پہلی اننگز میں 87 رنز جبکہ مجموعی طور پر دو ٹیسٹ میچز کی چار اننگز میں 332 رنز بنائے۔