ورلڈ کپ: بھارت ٹیم بھیجنے سے متعلق نجم سیٹھی کا اہم بیان
راولپنڈی (نیوز ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ بھارت میں ورلڈ کپ کے لیے ٹیم بھیجنے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔اپنے تازہ ترین انٹرویو میں ان کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کیلیے بھارت جانے کا فیصلہ نہ تو شاہد آفریدی نے کرنا ہے نہ یہ میرا فیصلہ ہوگا اور نہ ہی اس حوالے سے بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کچھ کرسکتے ہیں، اس بات کا فیصلہ ادھر بھارتی حکومت اور ادھر پاکستان کی حکومت نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ہی یہ فیصلہ کیا جاتا ہے، اگر ہماری حکومت اجازت دیتی ہے تو پھر ہم ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے ضرور جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں میری جے شاہ کی درخواست پر ایشین کرکٹ کونسل کے نائب صدر پنکج کھمجی سے ملاقات ہوئی تھی، میں نے ان کے ساتھ تفصیل کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل کی تفصیلات شیئر کیں جوکہ ان کو بہت پسند آئیں۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری رائے پر پنکھج کھمجی نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ جے شاہ سے مل کر اس پر تبادلہ خیال کریں گے، میں ابھی تک ان کے جواب کا انتظار کررہا ہوں۔