وہ موبائل گیم جسے بہت زیادہ مقبول ہونے کی وجہ سے بند کرنا پڑا
2013 میں بظاہر ایک سادہ موبائل گیم فلیپی برڈ دنیا بھر میں وائرل ہوئی تھی۔یہ گیم راتوں رات اتنی زیادہ مقبول ہوگئی کہ ایک سال کے اندر اسے 9 کروڑ سے زیادہ بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا اور اشتہارات سے روزانہ 50 ہزار ڈالرز کی آمدنی ہونے لگی۔مگر گیم کے مقبول ہونے کے بعد ڈویلپر اور پروگرامر Dong Nguyen نے اسے اچانک بند کرنے کا حیران کن فیصلہ کیا۔فلیپی برڈ کی اچانک کامیابی اور غائب ہونے کی کہانی ایک ڈویلپر کی داستان بھی ہے جو اچانک کامیابی کے بھنور میں پھنس کر ہمت ہار گیا تھا۔Dong Nguyen کا گیم تیار کرنے کا سفر سپر ماریو برادرز نامی گیم سے محبت کی وجہ سے شروع ہوا تھا۔سپر ماریو کے باعث ویتنام سے تعلق رکھنے والے ڈویلپر نے اپنی گیمز تیار کرنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لیے ہنوئی یونیورسٹی آف سائنس سے کمپیوٹر سائنس کی ڈگری حاصل کی۔اس کے بعد ویتنام کی ایک ویڈیو گیم کمپنی میں کام کرنے لگے۔فلیپی برڈ کا خیال Dong Nguyen کا خیال اس وقت آیا جب انہیں لگا کہ ایک ایسی گیم تیار کرنی چاہیے جو سادہ ہونے کے ساتھ ساتھ مصروف لوگوں کے لیے مشکل بھی ثابت ہو۔ٹیبل ٹینس سے متاثر ہوکر انہوں نے اس گیم کو تیار کیا جس میں ایک پرندہ فیبی سکرین میں اڑتا نظر آتا ہے۔انہوں نے اس گیم کو محض 2 سے 3 دن میں تیار کرلیا جو کسی لت کی طرح لوگوں کو مصروف رکھنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔یہ گیم راتوں رات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور وہاں لوگوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ سکور بنانے کا مقابلہ ہونے لگا۔ایپ سٹورز میں یہ ٹاپ گیم کے طو رپر لسٹ ہونے لگی جس کے باعث اسے 9 کروڑ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔جیسے جیسے گیم کی مقبولیت بڑھتی گئی، ویسے ویسے Dong Nguyen بھی لوگوں کی توجہ مرکز بنتے گئے، جن کے متعدد انٹرویوز ہوئے، میڈیا کی توجہ ملی اور گیم مکمل نہ کر پانے سے پریشان کھلاڑیوں کی جانب سے موت کی دھمکیاں بھی موصول ہوئیں۔والدین، اساتذہ اور کھلاڑیوں کی جانب سے بھی اس گیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا کیونکہ اسے کھیلنے کی عادت کسی لت جیسی ہو جاتی تھی۔اس کے ساتھ ساتھ گیم کو مسلسل اپ ڈیٹ کرنے کے دباؤ اور بہت زیادہ توجہ ملنے سے بھی ڈویلپر کی شخصیت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔یہی وجہ تھی کہ فروری 2014 میں انہوں نے ایپ سٹورز سے گیم کو ہٹانے کا فیصلہ کیا اور لاکھوں افراد کی مایوسی کے باوجود اس اعلان پر برقرار رہے۔گیم کے اچانک غائب ہونے سے بھی کی اس کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا اور اس کی متعدد نقول تیار ہوئیں مگر کوئی بھی کامیاب نہیں ہوسکی۔گیم کے غائب ہونے کے بعد 2014 کے آخری دن گوگل کی جانب سے فلیپی برڈ پر مشتمل گوگل ڈوڈل تیار کیا گیا جس میں اس سال کی مقبول چیزوں کے بارے میں بتایا گیا تھا۔اس کے بعد Dong Nguyen خاموش زندگی گزارنے کے ساتھ نئی گیمز تیار کرتے رہے اور عوام کی نظر سے دور رہنے لگے۔فلیپی برڈ اب بھی موبائل گیمنگ کی تاریخ کا ایک دلچسپ باب ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سادگی اور غیر متوقع کامیابی کس طرح لوگوں کے زوال کا باعث بن سکتی ہے۔