ویمنز ورلڈ کپ فٹبال میں برازیل، ارجنٹینا اور اٹلی کا سفر تمام ہوگیا

ویمنز ورلڈ کپ فٹبال میں برازیل، ارجنٹینا اور اٹلی کا سفر تمام ہوگیا، تینوں ٹیمیں گروپ اسٹیج سے آگے نہ جا سکیں، گروپ ایف سے فرانس اور جمیکا جبکہ گروپ جی سے سوئیڈن اور جنوبی افریقا نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

میگا ایونٹ کے گروپ میچ میں برازیل کو جمیکا کے خلاف لازمی فتح درکار تھی، لیکن کوئی ٹیم گول نہ بنا سکی اور میچ برابری پر ختم ہوا، جو جیمکا کی کامیابی ثابت ہوا، جمیکا نے گروپ ایف سے فرانس کے ساتھ پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ 

فرانس نے اپنے آخری گروپ میچ میں پاناما کو شکست دی، پاناما نے دوسرے منٹ میں برتری حاصل کر لی، لیکن فرانس نے 21ویں منٹ میں مقابلہ برابر کیا اور پھر پہلے ہی ہاف میں مزید تین گول داغ دیے۔

دو سرے ہاف میں فرانس نے مزید دو گول بنائے، جبکہ پاناما نے دو گول کیے لیکن فرانس نے میچ تین کے مقابلے میں چھ گول سے جیت کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

گروپ جی میں جنوبی افریقا اور اٹلی کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، اٹلی نے 11ویں منٹ میں برتری حاصل کی، لیکن 32ویں منٹ میں اون گول کے باعث میچ برابر ہو گیا۔

دوسرے ہاف میں ہلدا مگائیا نے افریقی ٹیم کو سبقت دلا دی، اس بار کاروسو  نے اپنا دوسرا گول بنا کر میچ برابر کیا لیکن اسٹاپ ٹائم میں کگاتلانا نے گول کیا اور جنوبی افریقا کو 2-3 کی فتح کے ساتھ پری کوراٹر فائنل میں پہنچا دیا۔

گروپ کے ایک اور میچ میں سوئیڈن نے ارجنٹینا کو دو گول سے شکست دے دی، میچ کے دونوں گول دوسرے ہاف میں اسکور کیے گئے، اس کامیابی کے ساتھ سوئیڈن پہلی اور جنوبی افریقا دوسری پوزیشن کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئیں۔

Visited 2 times, 1 visit(s) today

You might be interested in