ایلون مسک نے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے’بلیو ٹِک‘ ہٹانے کی آخری تاریخ کا اعلان کردیا
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے صارفین کے اکاؤنٹس سے ’بلیوٹِک‘ ہٹانے کی آخری تاریخ کا اعلان کردیا۔اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایلون مسک نے لکھا کہ ’بلیوٹِک‘ ہٹانے کی آخری تاریخ 20 اپریل ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر پر جن صارفین کے پاس نیلے نشان کے ساتھ تصدیق شدہ اکاؤنٹ ہے انہیں چیک مارک رکھنے کے لیے فیس ادا کرنا ہوگی۔اس سے قبل ایلون مسک کی جانب سے یکم اپریل کو صارفین کے اکاؤنٹس سے بلیو ٹِک ہٹائے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔اس حوالے سے ٹوئٹر نے انفرادی صارفین اور تنظیموں سے کہا تھا کہ وہ اپنے بلیو چیک مارکس کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے فلیگ شپ سبسکرپشن پروگرام کے لیے سائن اپ کریں۔رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں متعارف کرا دیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر بلیو کی فیس ہر ملک میں الگ ہے جو امریکا میں 8 سے 11 ڈالر ماہانہ ہے۔