برسلز: یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے پاکستانی سفارتخانہ میں تقریب
5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان برسلز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب سے سفیر پاکستان آمنہ بلوچ اور کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے خطاب کیا۔
یورپی پارلیمنٹ کے برطانوی نژاد سابق رکن فل بینین، مقبوضہ کشمیر کے جلاوطن تاجر رہنما مبین شاہ اور کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے الطاف حسین وانی نے اپنے ویڈیو پیغامات کے ذریعے سیمینار میں شرکت کی۔
اس موقع پر کشمیریوں اور ان کے ہمنوا پاکستانی قوم کی جانب سے 5 اگست کو یوم استحصال قرار دینے کی سیاسی وجہ پر روشنی ڈالنے کی غرض سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
اس فلم میں موجود حریت کانفرنس کے مرحوم رہنما سید علی گیلانی کی جانب سے لگائے جانے والے نعرے ‘ہم ہیں پاکستانی، پاکستان ہمارا ہے’ کے الفاظ نے سیمینار کے حاضرین کو بیک وقت ولولہ تازہ دے کر پرجوش بھی کیا اور اس نعرے میں موجود منزل کی تلاش میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر افسردہ بھی کردیا۔
سیمینار کے تمام ہی مقررین نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس حیثیت کو دوبارہ سے بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس کے ساتھ ہی کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے بین الاقوامی دنیا کی جانب سے دیگر وجوہات کی بناء پر قدیم تنازعات کو پس پشت ڈالنے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے یورپین یونین میں ’ون ملین سگنیچر کمپین‘ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔