تونیشا شرما کی موت، پولیس کو اہم ثبوت مل گیا
آنجہانی نوجوان اداکارہ تونیشا شرما کی موت سے متعلق مہاراشٹرا پولیس کو اہم ثبوت مل گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 20 سالہ تونیشا شرما کی موت سے قبل شیزان خان سے شدید نوعیت کی بحث ہوئی، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو مل گئی۔تونیشا شرما موت کیس میں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج برآمد کرلی اور کہا کہ آنجہانی اداکارہ کی موت سے قبل ساتھی اداکار اور سابق بوائے فرینڈ شیزان خان سے شدید بحث ہوئی۔پولیس جو تونیشا شرما کی موت کی مختلف حوالوں سے تحقیقات کررہی ہے، اس نے دونوں کی موبائل فون چیٹ کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔تونیشا شرما نے 24دسمبر کو ٹی وی شو علی بابا داستان کابل کے سیٹ پر خودکشی کی جس کے اگلے ہی دن اس کے سابق بوائے فرینڈ شیزان خان کو پولیس نے خودکشی پر اکسانے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔عدالت نے ملزم کا پہلے 4 دن کا ریمانڈ دیا اور پھر اس میں مزید 2 دن کی توسیع کی جو ختم ہوگئی لیکن کورٹ نے پولیس کی استدعا پر تحویل میں ایک دن کا اضافہ کردیاہے ۔