حکومت نے تمام اشیا پر جی ایس ٹی کی شرح 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کردی
حکومت نے تمام اشیا پر جی ایس ٹی کی شرح 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کردی ہے۔فیڈرل بورڈ آف رینیو نے بدھ کی صبح سگریٹس پر ٹیکس میں اضافہ کیا تھا اور اب تمام اشیا پر جی ایس ٹی کی شرح 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کردی ہے۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پیکنگ والی تمام اشیا پر سیلز ٹیکس بڑھا دیا گیا۔ نوٹی فکیشن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔جس کے بعد خوردنی تیل، گھی بسکٹ، مصالحہ جات، جام، جیلی، نوڈلز، بچوں کے کھلونے، چاکلیٹ اور ٹافیاں مہنگی ہوگئی ہیں۔نئے نوٹی فکیشن کا اطلاق میک اپ کے سامان، شیونگ فوم، شیونگ جیل، شیونگ کریم، شیونگ بلیڈز، شیمپو، کریم، لوشن، صابن اور ٹوتھ پیسٹ پر بھی ہوگا۔سیلز ٹیکس کی شرح بڑھنے سے ٹی وی، ایل ای ڈی, ایل سی ڈی، اسمارٹ موبائل فونز، آئی پوڈز، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ اور گیجٹس، جوسر، بلینڈرز، شیکرز اور دیگر الیکٹرنکس مشینری بھی مہنگی ہوگئی۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ جی ایس ٹی کی شرح میں ایک فیصد اضافے سے عوام پر 50 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑتا ہے۔