سائرہ سے کہتا ہوں شادی کرلو میں تمہارے ساتھ کھڑا ہوں ، بہروز سبزواری
کراچی(نیوز ڈیسک) اداکار شہروز سبزواری کے والد اور سینئر اداکار بہروز سبزواری نے سابقہ بہو سائرہ یوسف کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔نجی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بہروز سبزواری نے سائرہ یوسف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سائرہ آج بھی ہماری بیٹی ہے، اگر چہ سائرہ اور شہروز کی کیمسٹری نہیں ملی لیکن یہ بات معنی نہیں رکھتی کیوں کہ ہم اس حوالے سے کچھ نہیں کرسکتے، یہ اللہ پاک کا کام ہے۔طلاق کے بعد ہونے والی سوشل میڈیا تنقید کے حوالے سے بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ جتنے بھی لوگوں نے ہمیں ٹرول کیا وہ وقت ہمارے لیے ، شہروز اور سائرہ دونوں کے لیے بڑا سخت تھا، اگرچہ یہ ہمارا ذاتی مسئلہ تھا لیکن لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم بطور اسٹار ان کی جاگیر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی سائرہ کو خود سے الگ نہیں سمجھا اور نہ سمجھیں گے، میں نے کئی بار سائرہ کو کہا کہ تم بھی سیٹل ہوجاؤ میں تمہارے پیچھے کھڑا ہوں ، سائرہ ہماری بچی ہے اور سائرہ شہروز کی بیٹی نورے ہماری جان ہے۔واضح رہے کہ اداکارہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے طلاق کی تصدیق 29 فروری 2020 کو کی تھی۔بعدازاں شہروز نے ماڈل و اداکارہ صدف کنول سے شادی کر لی تھی اور اب دونوں کی بھی ایک بیٹی ہے۔