نئی دہلی ‘ دلہن لینے گئے دولہا نے دلہن کی بہن سے شادی رچا لی

راولپنڈی (نیوز ڈیسک ) کسی دولہا کی بارات دلہن کے گھر پہنچ چکی ہو اور دونوں خاندانوں کو پتا چلے کہ دولہا اپنی دلہن کی بہن سے محبت کرتا ہے تو کیا ہنگامہ برپا ہو؟ گزشتہ دنوں یہی صورتحال بھارت میں دیکھنے کو ملی تاہم پولیس کی مداخلت نے اس ہنگامے کو ایک خوشگوار اختتام سے ہمکنار کر دیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق ریاست بہار کے شہر چھپرا کے رہائشی راجیش کمار کی شادی بہار ہی کے شہر سرن کی رہائشی رنکو کماری کے ساتھ طے پائی تھی۔تاہم راجیش کمار اور رنکو کماری کی بہن پتل کماری ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔جب راجیش اور رنکو کی شادی طے پا گئی تو راجیش اور پتل کماری خاموش ہو گئے مگر گزشتہ دنوں جب شادی کا دن آ پہنچا اور راجیش بارات لے کر سرن آ رہا تھا، پتل کماری نے اسے کال کرکے دھمکی دے ڈالی کہ اگر وہ بارات لے کر آیا اور اس کی بہن سے شادی کی تو وہ ایک بلند عمارت سے کود کر خودکشی کر لے گی۔پتل کماری کی اس دھمکی پر راجیش نے اپنے ماں باپ کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دلہن کے گھر پہنچ کر دلہن کے ماں باپ سے بات کی جس پر وہ بھڑک اٹھے اور دونوں خاندانوں میں لڑائی شروع ہو گئی۔ اس سے پہلے کہ دولہا اور دلہن کے گھر والوں میں ہاتھا پائی ہوتی، بارات میں سے ہی کسی نے پولیس کو رپورٹ کر دی اور پولیس وہاں چلی آئی۔پولیس والے فریقین کو تھانے لے گئے اور مل بیٹھ کر معاملہ حل کرنے کو کہا۔ بالآخر دونوں خاندان اس بات پر متفق ہو گئے کہ راجیش کی شادی پتل کماری کے ساتھ کر دی جائے۔ اس طرح راجیش اپنی دلہن کی بہن کو بیاہ کر گھر لے گیا۔

Visited 1 times, 1 visit(s) today

You might be interested in