ناسا نے سورج کی سالِ نو کی تصویر جاری کر دی
امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے سالِ نو کے آغاز پر سورج کی ایک دلکش تصویر جاری کی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ناسا نے ایک تصویر شیئر کی ہے۔مذکورہ تصویر میں سورج سے آگ کی لپٹیں خارج ہوئے دیکھی جا سکتی ہیں۔اس تصویر کے کیپشن میں بتایا گیا ہے کہ تصویر میں نظر آنے والے سورج کی عمر 4.5 بلین سال سے زیادہ ہے۔انسٹا گرام پر ناسا کی جانب سے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ زمین سے سورج 93 ملین میل (150 ملین کلو میٹر) دوری پر ہے۔ناسا کا کہنا ہے کہ سورج ہمارے نظام شمسی کے مرکز میں ہے جو اپنے 8 لاکھ 65 ہزار میل چوڑے کور اور 15 ملین ڈگری سینٹی گریڈ درجۂ حرارت کے ساتھ موجود ہے، یہ سورج کی کشش ثقل ہی ہے جو ہمارے نظامِ شمسی کے بڑے سے لے کر چھوٹے سیارے تک سب کو ایک خاص ترتیب میں رکھی ہوئی ہے۔تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاہ خلاء میں سرخ، نارنجی اور پیلے رنگ کے دھبوں میں سورج چمک اور گھوم رہا ہے۔16 گھنٹے قبل شیئر کی گئی پوسٹ کو اب تک 12 لاکھ سے زائد مرتبہ پسند کیا جا چکا ہے۔