وزیرِ خزانہ کورونا میں مبتلا، آج ہونے والا ای سی سی اجلاس ملتوی
اسلام آباد: کورونا نے لاکھوں غریب اور متوسط افراد کو متاثر کرنے کے بعد ایوانِ اقتدار کا رخ کر لیا۔ وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت نکلا۔ جس کے بعد آج ہونے والا اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ ساتھ تحریکِ انصاف کے رہنما بھی کورونا کا شکار ہونے لگے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین جنہیں حال ہی میں مشیر سے وزیر بنانے کیلئے سینیٹر کا انتخاب لڑنا پڑا، کورونا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ نجی ٹی وی (اے آر وائی) نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِ خزانہ کورونا کا شکار ہوگئے۔ وزیرِ خزانہ نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ شوکت ترین کی زیر صدارت آج ہونے والا وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ملتوی ہوگیا۔ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال پر اہم فیصلے کرنے کیلئے آج ای سی سی اجلاس نہیں ہوسکے گا۔مہنگائی اور دیگر مسائل پر فیصلے مؤخر ہو گئے۔تاحال اس حوالے سے وزیرِ خزانہ شوکت ترین کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر کے دوران وزیرِ خزانہ نے ایک بار پھر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نو منتخب سینیٹر سے عہدے کا حلف لیا۔ شوکت ترین خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی ٹکٹ پر ایوانِ بالا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔