ٹوئٹر کے 75فیصد ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کردیا جائے گا:ایلون مسک
ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی خریداری کے بعد اس کے ملازمین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹوئٹر کے 75فیصد ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کردیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ادارے میں 7ہزار 500 ملازمین کام کرتے ہیں جن میں سے تقریباً 5625 ملازمین اپنی نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے جنہیں کچھ ماہ میں مرحلہ وار گھر بھیج دیا جائے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹوئٹر کی موجودہ انتظامیہ آئندہ سال کے آخر تک کمپنی کے ملازمین کی تنخواہوں میں سے تقریباً 800ملین ڈالر کم کرنے کے منصوبے پر بھی غور کررہی ہے۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ کمپنی نے اپنے ملازمین کو فی الحال یہی بتایا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر ملازمین کو نوکری سے برخاست نہیں کررہی تاہم دستاویزی شواہد اس کے برعکس ہیں۔