پی ایس ایل8، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے دی
پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔اسلام آباد یو نائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا ۔ کراچی کنگز کے اوپنر جیمز وینس 4 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ان کے ساتھ آنے والے شرجیل خان 34 سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔حیدر علی 59، میتھیو ویڈ18اور عرفان خان 19 سکور بنا کر آوٹ ہوئے ۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بغیر کوئی سکور بنائےپہلی ہی گیند پر آوٹ ہوئے۔ شعیب ملک 18 سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔اسلام آباد یو نائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس، ٹام کیورن اور محمد وسیم 2،2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئےجبکہ فہیم اشرف ایک وکٹ حاصل کر سکے ۔کراچی کنگز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے لیکن خاطر خواہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے ۔ پال اسٹرلنگ 4 اور حسن نواز 7 سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔اس کے بعد آنے والے بلے بازوں نے اچھے کھیل کا مظاہر ہ کیا اور جیت کی بنیاد رکھی ۔ وین ڈر ڈوسن 31، کولن منرو58 اور اعظم خان 44 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔فہیم اشرف12 سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر اور محمد موسی 2،2 جبکہ عماد وسیم1 وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔