ہیکرز نے فیس بک پر لوگوں کو لوٹنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا، جانیں اور محفوظ رہیں
راولپنڈی (ویب ڈیسک )ہیکرز نے فیس بک صارفین کو ایک نئے طریقے سے لوٹنا شروع کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس نئے طریقے سے آسٹریلیا میں فیس بک صارفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس میں ہیکرز کسی صارف کے دوست کے اکاﺅنٹ سے اسے میسج بھیجتے ہیں، جس میں کسی کی موت ہونے کے متعلق بتایا گیا ہوتا ہے۔اپنے دوست کے اکاﺅنٹ سے فوتگی کا میسج پا کر دوست جلدبازی میں اس لنک پر کلک کرتا ہے، جس سے اس کا اکاﺅنٹ ہیک ہو جاتا ہے۔ ہیکرز اس صارف کی نجی معلومات بھی چوری کر لیتے ہیں اور اس کے اکاﺅنٹ سے آگے اس کے دوستوں کو بھی وہی میسج بھیج دیتے ہیں اور یہ سلسلہ پھیلتا چلا جاتا ہے۔ان باکس میں موصول ہونے والے اس میسج میں ایک لنک کے ساتھ لکھا ہوتا ہے کہ ”دیکھیں ایک ٹریفک حادثے میں کس کی موت ہوئی ہے۔ میرے خیال میں تم اسے جانتے ہو؟“ سائبر سکیورٹی ماہرین کی طرف سے لوگوں کو اس میسج کے متعلق متنبہ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کسی بھی میسج کو نظر انداز کریں اور جس دوست کے اکاﺅنٹ سے یہ میسج موصول ہو، اس سے کسی اور ذریعے سے رابطہ کرکے حقیقت معلوم کریں۔