80 سالہ امریکی صدر جوبائیڈن کا دوبارہ الیکشن لڑنے کا اعلان

راولپنڈی (نیوز ڈیسک )امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور ان کی نائب کاملا ہیرس نے منگل کو ایک نئی ویڈیو میں 2024 کے دوبارہ انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کردیا، یہ ویڈیو دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کی ہے۔ امریکہ کے 80 سالہ صدر نے ووٹروں سے کہا کہ ان کی عمر ان کی حکومت کرنے کی صلاحیت میں رکاوٹ نہیں بنے گی اس لیے وہ انہیں ‘کام ختم کرنے’ کا ایک اور موقع دیں۔آج جاری ہونے والی ویڈیو میں جو بائیڈن نے اگلے سال کے مقابلے کو ‘ریپبلکن انتہا پسندی کے خلاف جنگ’ قرار دیا اور کہا کہ انہیں قوم کے کردار کو بحال کرنے کے اپنے عہد کو مکمل طور پر پورا کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہوگا۔ صدر نے ویڈیو میں کہا ‘جب میں نے چار سال پہلے صدر کے لیے انتخاب لڑا تھا، میں نے کہا تھا کہ ہم امریکہ کی روح کی جنگ لڑ رہے ہیں، اور ہم اب بھی اسی جنگ میں ہیں۔’یہ اعلان اس موقع کی چوتھی سالگرہ پر سامنے آیا ہے جب جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کے دوران ‘قوم کی روح’ کو ٹھیک کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے 2019 میں وائٹ ہاؤس کے لیے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔جوبائیڈن نے ویڈیو میں کہا ‘ہم جس سوال کا سامنا کر رہے ہیں وہ یہ ہے کہ آنے والے سالوں میں ہمیں زیادہ آزادی ملے گی یا کم آزادی؟ زیادہ حقوق یا کم، میں جانتا ہوں کہ میں کیا جواب دینا چاہتا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ یہ مطمئن ہونے کا وقت نہیں ہے۔ اسی لیے میں دوبارہ انتخاب میں حصہ لے رہا ہوں۔’

Visited 2 times, 1 visit(s) today

You might be interested in