امریکہ میں شہد کی مکھیوں کی وجہ سے پرواز کئی گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوگئی
امریکہ میں ڈیلٹا ایئرلائنز کے طیارے کے بازو پر شہد کی مکھیوں کا ایک غول جمع ہو گیا، جس کی وجہ سے پرواز کو کئی گھنٹے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ پرواز کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ طیارہ اصل میں ہیوسٹن سے اٹلانٹا کے لیے مشرقی وقت کے مطابق 12:25 پر روانہ ہونا تھا لیکن شہد کی مکھیوں کے غول کی وجہ سے تقریباً4:30بجے تک تاخیر کا شکار ہوا۔ جیسے ہی شہد کی مکھیوں کا پتہ چلا ہوائی جہاز کے ایک مسافر نے ٹویٹ کیا اور شہد کی مکھیاں پالنے والوں سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا۔سی بی ایس نیوز کے مطابق ایئر لائن نے مبینہ طور پر شہد کی مکھیاں پالنے والوں سے رابطہ کرنے سمیت متعدد اقدامات پر غور کیا، کیونکہ یہ یقینی نہیں تھا کہ جہاز کے اڑان بھرنے کے بعد شہد کی مکھیاں بھاگ جائیں گی۔ بعد ازاں ڈیلٹا ایئر لائنز کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کچھ گھنٹوں کے انتظار کے بعد مکھیاں جہاز سے اڑ گئی تھیں۔